22 جولائی 2026 - 16:15
غزہ کے الزیتون محلے سمیت مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری، متعدد فلسطینی شہید

جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر فضائی اور توپ خانے سے حملے جاری رکھے، جن کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے جبکہ رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، غزہ کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 13 فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عبداللہ حسان، جو اس سے قبل شارع الجلاء میں ایک شہری گاڑی پر حملے میں زخمی ہوئے تھے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ علاوہ ازیں غزہ شہر کے مرکز میں چار فلسطینی، الزہراء شہر کے داخلی راستے کے قریب دو افراد اور ایک ہی خاندان کے چھ افراد، جن میں والد، والدہ اور ان کے چار بچے شامل تھے، اپنے گھر پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے۔

غزہ شہر کے جنوب مشرق میں واقع الزیتون محلے کے دولہ چوک کے اطراف اسرائیلی فوج کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی ٹینک توپ خانے کی گولہ باری کی آڑ میں آگے بڑھ رہے ہیں، جبکہ جاسوس ڈرون مسلسل علاقے میں پرواز کر رہے ہیں۔

ان حملوں میں ایک بچے سمیت تین فلسطینی زخمی ہوئے، جبکہ اسرائیلی قبضے والے علاقوں میں رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے مسمار کیے جانے کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

ادھر جنوبی غزہ میں اسرائیلی بحریہ نے خان یونس کے ساحلی علاقوں پر گولہ باری کی، جبکہ متعدد عمارتوں کو بھی دھماکوں سے تباہ کر دیا گیا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک ایک ہزار 168 فلسطینی شہید اور 3 ہزار 798 زخمی ہو چکے ہیں۔

وزارت صحت نے مزید بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک 73 ہزار 293 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 73 ہزار 906 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha